پاکستان: سات نکاتی ایجنڈے پر اتفاق، اربعین مارچ مؤخر
پاکستان میں حکومت اور مجلس وحدت المسلمین کے درمیان سات نکاتی ایجنڈے پر اتفاق ہوجانے کے بعد اربعین مارچ ملتوی کردیا گیا ہے
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی زائرین اربعین کے سفر کے تعلق سے مجلس وحدت المسلمین اور حکومت کے درمیان ایک سات نکاتی ایجنڈے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت اور مجلس وحدت المسلمین کے درمیان یہ اتفاق رائے گورنر سندھ کی کوششوں سے عمل میں آیا جس پر داخلہ امور کے وفاقی وزیر مملکت نے ان کا شکریہ ادا کیاہے۔ سمجھوتے کے مطابق حکومت عراقی ویزے میں ساٹھ دن کی توسیع کرائے گی اور زائرین کو اربعین میں شرکت کے لئے عراق کے فضائی ٹکٹ پر رعایت دلوائی جائے گی۔ حکومت نے دو سے تین دن میں فلائٹ آپریشن شروع کرادینے کا وعدہ کیا ہے۔ مجلس وحدت المسلمین اور وفاقی حکومت کے درمیان معاہدے پر عمل درآمد کی ضمانت گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لی ہے۔