بیجنگ میں پاک-چین قیادت کی ملاقات، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور علاقائی مذاکرات پر اتفاق
بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کے بعد بیجنگ پہنچ کر چینی صدر سے ملاقات کی۔ پاکستانی وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
چینی دارالحکومت میں قیام کے دوران پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے فاشزم کے خلاف عالمی جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات میں پاکستان کے وزیر اعظم نے دہشتگردی کے خلاف چین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جس پر صدر شی جن پنگ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔
اس موقع پر پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کے لیے چین کو باضابطہ دعوت دی۔ ایس سی او اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چین کی قیادت میں علاقائی مذاکرات سے خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔