Sep ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے حق میں دنیا بھر میں آواز بلند کریں گے: پاکستان کا وعدہ

پاکستان کا فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی، ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرنے کا عزم

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر سفارتی اور بین الاقوامی فورم پر فلسطینی حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کرتا رہے گا۔

یہ بات انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کے مشیر برائے مذہبی امور اور شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمود صدیقی الھباش سے ملاقات کے دوران کہی، جو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔

پاکستانی وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ فلسطینی عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور غزہ میں انسانی ساختہ قحط ایک سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان غزہ کے متاثرہ عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران فلسطینی وفد نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور صدر محمود عباس کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ جواباً شہباز شریف نے فلسطینی صدر کے لیے نیک تمناؤں اور یکجہتی کا پیغام دیا۔

پاکستانی وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کا مسئلہ عالمی ضمیر کے لیے ایک آزمائش ہے اور پاکستان اس جدوجہد میں فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

 

ٹیگس