کسی بھی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا: پاکستان
پاکستان کی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر براہ راست یا بالواسطہ جارحیت کی جانب سے خبردار کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر ملک کی ارضی سالمیت کے خلاف کسی بھی قسم کی براہ راست یا بالواسطہ جارحیت پر سخت ردعمل کی تنبیہ کی ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سفارتی تناؤ اور سرحدی معاملات ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
گزشتہ ہفتے اسلام آباد اور کابل کے درمیان جنگ بندی کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود پاکستان اور افغانستان کی سرحدی گزرگاہیں گزشتہ 11 روز سے بند ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور شہری آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب، ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کو پانچ ماہ مکمل ہو چکے ہیں، مگر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کی جانب سے سخت بیانات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اسلام آباد نے نئی دہلی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی کو ہوا دے کر جنگ کا نیا دور شروع کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
فوجی سربراہ نے منگل کے روز سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ادھر پاکستان کے وزیر دفاع نے اعلان کیا ہے کہ افغان طالبان سے مذاکرات کا دوسرا دور 25 اکتوبر کو استنبول میں منعقد ہوگا، جس سے امید کی جا رہی ہے کہ سرحدی کشیدگی میں کمی آئے گی۔