پاکستان سے غیرقانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی؛ طورخم سرحدی گزرگاہ کھل گئی
شمال مغربی پاکستان میں طورخم بارڈر کراسنگ ، پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے کھول دی گئی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: طورخم سرحدی گزرگاہ غیرقانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کی بے دخلی کے لیے بیس روز بعد کھول دی گئی۔
سیکڑوں افغان پناہ گزیں اپنے وطن جانے کے لیے طورخم سرحد پر پہنچ گئے ہیں، تاہم طورخم سرحد سے تجارت اور پیدل آمد و رفت بدستوربند رہے گی۔
ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر بلال شاہد کے مطابق طورخم سرحدی گزرگاہ کو ملک میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان شہریوں کو بے دخل کرنے کے لیے کھول دیا گیا ہے، اس وقت سینکڑوں افغان پناہ گزیں طورخم امیگریشن سینٹر پہنچ گئے ہیں اور امیگریشن عملہ ضروری کارروائی کے بعد انہیں افغانستان جانے کی اجازت دے رہاہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث گیارہ اکتوبر کو طورخم سرحد کو بند کر دیا گیا تھا۔