پاکستان: جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i456752-پاکستان_جماعت_اسلامی_کا_لانگ_مارچ_مؤخر_کرنے_کا_اعلان
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے جبکہ احتجاج جاری رہے گا۔
(last modified 2026-10-18T22:38:52+00:00 )
Sep ۲۲, ۲۰۲۶ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • پاکستان: جماعت اسلامی کا لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے جبکہ احتجاج جاری رہے گا۔

سحرنیوز/پاکستان: ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی مسائل پر بات کرتی ہے، پیٹرول کی قیمت اور ٹیکس وصول کر کے حکومت اپنا کرپشن چھپاتی ہے، ملک کے 42 شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت سے تحریری طور پر لیوی ختم کرنے کو کہا لیکن جواب نفی میں ملا، کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں، کراچی سے روہڑی اور روہڑی سے ملتان تک ٹرین مارچ شروع کیا، عوامی مسائل کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے ملک میں بدترین صورت حال ہے، حکومت کا ریلیف پیکج ان کے لیے بہتر ہوگا، ہمارے لیے کچھ نہیں، ہماری تحریک مزید آگے بڑھ رہی ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت عوام سے لیوی کی مد میں بھتہ وصول کر رہی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ درخواست کرتے ہیں لانگ مارچ ملتوی کر دیا جائے، ہم اپنے احتجاج سے دستبردار نہیں ہوں گے، کارکنان کا جذبہ دیکھ لیں، یہ رکنے والے نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم نے اگر ریلیف دیا تو ٹھیک ورنہ لانگ مارچ جاری رہے گا، ملتان میں ہمارا پڑاؤ ہے، ریلیف نہ ملنے کی صورت میں لانگ مارچ آگے بڑھے گا، ملاقات کریں گے اور بات بھی لیکن لانگ مارچ سے دستبردار نہیں ہوں گے، حکومت سے تحریری یقین دہانی لیں گے۔

امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت حالات سے متعلق جو بھی کہے، ہم نہیں رکیں گے، دھرنے جاری رہیں گے، لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel