Apr ۲۲, ۲۰۲۱ ۰۶:۰۰ Asia/Tehran
  • آیت کا پیغام (9): کامیابی !

وَمَن يُطِعِ اللَّـهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا  (سورہ احزاب ۔ آیت 71)

کامیابی جس میدان میں ہو، اسکا اپنا معیار ہوتا ہے۔ بات اگر کھیل میں کامیابی کی ہوتی ہے تو ہر کھیل میں اس کا معیار الگ ہوا کرتا ہے، کہیں پر زیادہ رن بنانے ہوتے ہیں، کہیں پر زیادہ گول مارنے کی ضرورت ہوتی ہے تو کہیں پر دوڑتے ہوئے دوسروں کو پچھاڑنا ہوتا ہے وغیرہ۔ بات اگر پڑھائی میں کامیابی کی ہوتی ہے تو معینہ مدت میں معینہ وقت پر جاکر تمام معینہ موضوعات کا امتحان دے کر اچھے نمبر لانے والے کو کامیاب کہا جاتا ہے۔

شک نہیں کہ یہ دنیا ایک امتحان گاہ ہے جہاں ہمیشہ نہیں رہا جاتا۔ یہاں سے نکل کر تمام انسانوں کی اپنی ابدی رہائشگاہ ’’آخرت‘‘ پہونچ کر وہاں اپنا گھر بنانا ہے۔ دنیا میں حاصل ہونے والی چھوٹی چھوٹی کامیابیوں کی اس وقت تک کوئی قدر و قیمت نہیں ہے جب تک وہ آخرت کی بڑی کامیابی کا زینہ نہ قرار پائیں۔ اصل کامیابی آخرت کی ہے جس کا اپنا معیار ہے۔

ارشاد ہوتا ہے:

وَمَن يُطِعِ اللَّـهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا  (سورہ احزاب ۔ آیت 71)

عظیم کامیابی سے وہ ہمکنار ہوگا جو خدا اور اسکے رسول کی اطاعت کرے گا۔

یا ارشاد ہوتا ہے:

فَمَن زُحْزِحَ عَنِ النَّارِ وَأُدْخِلَ الْجَنَّةَ فَقَدْ فَازَ (سورہ آل عمران ۔ آیت 185)

جو جہنم سے نجات پا جائے اور جنت میں داخل کر دیا جائے وہ کامیاب ہے۔

 

تحریر:سید باقر کاظمی

 

ٹیگس