ایران: مشہد میں امام رضا ع اور مختلف ادیان کے درمیان مذاکرات کے زیرعنواں کانفرنس
ایران کے شمال مشرقی شہر مشہد میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور مختلف ادیان کے درمیان مذاکرات کے زیر عنواں پہلی بین الاقوامی کانفرنس شروع ہو گئی۔
اس دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں بارگاہ قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام سید ابراہمی رئیسی، ایرانی عہدیدار اور اسپین، اٹلی، مالٹا،یونان، تنزانیہ، آسٹریا اور روس کے مختلف ادیان کے رہنما شریک ہیں۔
اس کانفرنس کے موقع پر مختلف پروگراموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں بارگاہ رضوی میں ادیان میوزیم کا افتتاح، ادیان الہی سے متعلق مختلف خطی کتابوں کے نسخوں کی نمائش اور مختلف ادیان سے متعلق شہدا کے اہل خانہ کی قدردانی شامل ہے۔
اس کانفرنس میں ویٹیکن کے سفیر لیؤ بوکاردی نے مختلف ادیان الہی کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اگر صحیح طریقے سے ہوں تو ایک دوسرے کو سمجھنے، باہمی احترام اور ایک ہی معشرے میں مختلف ادیان کے درمیان مفاہمت پر منتج ہوں گے۔