کریم اہلبیت اطہار(ع) کا جشن ولادت باسعادت
نواسہ رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں پورے جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ جشن منایا جا رہا ہے۔
سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی علیہ الصلوت و السلام کے یوم ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر ایران کے تمام شہروں اور قصبوں دیہاتوں کی مساجد اور مذہبی مقامات پر محافل مقاصدہ اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور لوگوں نے اس موقع پر افطار کے وقت اور اس کے بعد مٹھائیاں تقسیم کیں-
حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے جشن ولادت کے مرکزی پروگرام مشہد المقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہراور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں جاری ہیں جہاں بڑی تعداد میں روزہ دار مومنین اورعاشقان اہل بیت عصمت و طہارت محفلوں میں شریک ہیں-
عراق کے سبھی مقدس شہروں نیز پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ آسمان امامت و ولایت کے دوسرے درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جگہ جگہ خصوصی تقریبات اور محلفوں کا انعقاد کیا گیا ہے-
حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام پندرہ رمضان المبارک سن تین ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔
آپ حضرت علی (ع) اور حضرت فاطمہ علیھم السلام کے کاشانہ عصمت کے پہلے چشم و چراغ تھے جو سورہ کوثر کی مکمل تفسیر بن کر آغوش عصمت میں اترے اور سرکار دوعالم حضرت محمد مصطفی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم خدا سے اپنے پہلے نواسے کا نام حسن رکھا۔