Feb ۱۳, ۲۰۲۱ ۰۴:۰۰ Asia/Tehran

عبادت و نیائش کے مبارک مہینے رجب المرجب کی آمد اور یکم رجب فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ہم اپنے تمام ناظرین ، سامعین اور قارئین کرام کو فرزند رسول حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کرتے ہیں--

رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) نے آپ کی پیدائش سے قبل ہی اپنے ایک خاص صحابی جناب جابر ابن عبداللہ انصاری کو آپ کی ولادت باسعادت کی خبر دیتے ہوئے آپ کو باقر کا لقب دیا تھا -

امام محمد باقر علیہ السلام اپنے دور کی عظیم الشان علمی شخصیت اور ہر لحاظ سے رسول اسلام (ص) کے جانشین و وارث تھے - جب بھی ہاشمیوں کے علم و تقوی اور شجاعت و سخاوت کا ذکر ہوتا ، لوگ آپ کا نام لیتے تھے- شخصیت میں کشش ، عفو و درگذر، بے پناہ علم و تقوی آپ کی اہم خصوصیات ہیں -

امام محمد باقر علیہ السلام یکم رجب سنہ ستاون ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے- امام محمد باقر علیہ السلام کی عظمت زبان زد خاص و عام تھی-

مختصر زندگی نامہ 

امام باقرؑکے دور میں (دین میں) تحریف کے خلاف جہاد اُن حضرتؑ کے دور سے پہلے کے ہر دور سے زیادہ شدت کے ساتھ انجام پایا۔ ثقافتی جہاد یعنی لوگوں کے ذہنوں پر غالب(باطل)ثقافت کو تبدیل کرنے کی جدوجہد تاکہ الٰہی حکومت کے لئے راہ ہموار کریں اور طاغوتی حکومت کے لئے بند کر دیں اور امام باقرؑ نے اس کام کا آغاز کیا۔
ولی امر مسلمین سید علی خامنہ ای(کتاب: 250سالہ انسان)31جولائی1987

حضرت باقر العلوم (ع) کے زریں اقوال

1) 

قولوا للناس احسن ما تحبون ان يقال لكم.

جتنی نیک اور اچھی بات تم اپنے بارے میں سننا چاہتے ہو،اتنی ہی نیک اور اچھی بات دوسروں کے بارے میں کیا کرو۔

بحارالانوار،ج65،ص152. الکافی ج2 ص 165 محاضرات ج 1 ص 251.

 

2)

لا فَضيلَةَ كالجِهادِ ، ولا جِهادَ كمُجاهَدَةِ اَلهَوي .

کوئی فضیلت جہاد جیسی نہیں اور کوئی جہاد،جہاد نفس جیسا نہیں!

تحف العقول ص 286. مستدرک الوسائل میرزا حسین نوری ج 11 ص 143.

 

3)

اِصبِروا عَلي اداء الفَرائضِ، وَ صابِرو عَدُوُّكم ، وَ رابِطوا امامَكمُ المُنتَظَر

فرائض کی ادائیگی میں صبر سے کام لو،اپنے دشمنوں کے مقابلہ میں بردباری کا مظاہرہ کرو اور اپنے امام منتظَر کے لئے آمادہ رہو۔

غيبه النعماني، ينابيع المودة.

 

4)

لا يسلم احد من الذنوب حتي يخزن لسانه.

کوئی شخص اس وقت تک گناہوں سے محفوظ نہیں رہ سکتا جب تک وہ اپنی زبان کو قابو میں نہ کر لے۔

بحارالانوار،ج75،ص178 – تحف العقول - حسن بن على بن حسين بن شعبة الحرانى- ص 298

 

5)

ان اعجل الطاعة ثوابا لصلة الرحم.

جس اطاعت کا ثواب سب سے جلدی انسان کو ملتا ہے وہ صلۂ رحم ہے۔

تحف العقول،ص303.

 

خاندان عضمت و طہارت کے ساتویں اور آسمان امامت و ولایت کے پانچویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقر علیہ الصلوۃ و السلام کی  ولادت باسعادت کے اس پرمسرت موقع پرہم سحر عالمی نیٹ ورک کی جانب سے اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تمام چاہنے والوں اور تمام شیدائیوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتے ہیں-

ٹیگس