Feb ۱۵, ۲۰۲۱ ۰۲:۰۰ Asia/Tehran
  •  فرزند رسول حضرت امام علی نقی علیہ السلام کا مختصر تعارف

علی بن محمد امام علی نقی علیہ السلام کے نام سے مشہور، نویں امام امام محمد تقیؑ کے فرزند اور شیعوں کے دسویں امام ہیں۔ آپؑ امام ہادی کے نام سے بھی مشہور ہیں۔ آپؑ سنہ 220 سے 254 ہجری یعنی 34 برس تک امامت کے منصب پر فائز رہے۔

نام:علی بن محمد التقی

کنیت: ابوالحسن (ثالث)

القاب: نجیب، مرتضی، ہادی، نقی، عالم، فقیہ، امین، طیّب

ولادت:15 ذی الحجہ ، سال 212  ہجری قمری

جائے ولادت:صریا، مدینہ

محل سکونت: مدینہ

والد ماجد: محمد بن علی التقی

والدہ ماجدہ: سمانہ مغربیہ

ازواج: سلیل

اولاد: حسن، محمد، حسین، جعفر

شہادت: 3 رجب، 254 ہجری قمری

مدفن: سامرا، عراق

عمر:42 سال

مختصر تعارف :

علی بن محمد امام علی نقی علیہ السلام کے نام سے مشہور، نویں امام امام محمد تقیؑ کے فرزند اور شیعوں کے دسویں امام ہیں۔ آپؑ امام ہادی کے نام سے بھی مشہور ہیں۔ آپؑ سنہ 220 سے 254 ہجری یعنی 34 برس تک امامت کے منصب پر فائز رہے۔

دوران امامت آپ کی زندگی کے اکثر ایام سامرا میں عباسی حکمرانوں کے زیر نگرانی گزرے ہیں۔ آپؑ متعدد عباسی حکمرانوں کے ہم عصر تھے جن میں اہم ترین متوکل عباسی تھا۔

امامت کے دوران مختلف علاقوں میں وکلاء تعیین کر کے اپنے پیروکاروں سے رابطے میں رہے اور انہی وکلاء کے ذریعے شیعوں کے مسائل کو بھی حل و فصل کیا کرتے تھے۔

کلینی، شیخ مفید، اور شیخ طوسی نیز ابن اثیر کے بقول امام ہادیؑ 15 ذوالحجہ سنہ 212 ہجری کو مدینہ کے قریب صریا نامی علاقے میں پیدا ہوئے۔

شیخ مفید اور دوسرے محدثین کی روایت کے مطابق آپؑ رجب سنہ 254 ہجری کو سامرا میں 20 سال اور 9 مہینے تک قیام کرنے کے بعد شہید ہوئے۔ بعض مآخذ میں آپؑ کی شہادت کی تاریخ 3 رجب نقل کی گئی ہے، جبکہ دیگر مآخذ میں یہ تاریخ  25  یا  26  جمادی الثانی بیان کی گئی ہے۔ اس زمانے میں تیرہواں عباسی خلیفہ معتز برسر اقتدار تھا۔

آپ اپنی 34 سالہ عہد امامت میں عباسی حکمرانوں "مأمون ، معتصم، واثق، متوکل، منتصر، مستعین اور معتز کے ہم عصر تھے۔ معتز کے حکم پر معتمد عباسی نے آپ کو مسموم کرکے شہید کیا [جبکہ امام حسن عسکری(ع) کا قاتل بھی معتمد ہی ہے]۔ معتمد نے معتز کے حکم پر امام ہادی علیہ السلام کو شہید کیا اور امام حسن عسکری علیہ السلام کو معتمد عباسی نے اپنے دور حکومت میں شہید کیا اور یوں شاید معتمد خلافت اسلام کے دعویداروں میں واحد حکمران ہے جس نے دو ائمہ اہل بیت رسول(ص) کو قتل کیا ہے گوکہ بعض نے کہا ہے کہ امام ہادی علیہ السلام کا قاتل متوکل عباسی تھا۔ 

 امام ہادیؑ سنہ 220 ہجری میں اپنے والد امام جوادؑ کی شہادت کے بعد منصب امامت پر فائز ہوئے۔ 

ٹیگس