Feb ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  • ماہ رمضان میں قرآنی ونر بننے کے لئے دوڑ کا آغاز ہو گیا

حُسن تلاوت قرآن کا بین الاقوامی مقابلہ (برادران) ایک بار پھر اس سال بہار قرآن ماہ مبارک رمضان میں آن ایئر ہونے جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ایران: اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلہ عالم اردو بالخصوص برصغیر پاکستان و ہندوستان میں قرآنی ماحول سازی، امت اسلامیہ میں اتحاد و ہمدلی، قرآنیات کے میدان میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ساتھ ہی نوجوانوں اور جوانوں کو قرآن کریم کی جانب راغب کرنے کے مقصد سے دو سال قبل 2021 میں سحر اردو ٹی وی تہران کے ذریعے ماہ رمضان میں شروع ہوا جس کا سلسلہ اس سال بھی جاری رہے گا۔

اس بار ماہ رمضان کی اس اسپیشل ٹرانسمیشن کی باگ ڈور احمد سراج کے ہاتھ میں دی گئی ہے جو گزشتہ برسوں کے دوران بھی اس قرآنی مقابلے ساتھ بھرپور تعاون کرتے رہے ہیں اور وقت ضرورت نگراں استاد کے بطور بھی سرگرم عمل رہے۔

مقابلے میں شرکت کے لئے حسب معمول اس کا آئین نامہ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ مقابلے میں شرکت کا طریقۂ کار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ مقابلے میں ساری دنیا بالخصوص بر صغیر کے قاریان کرام قرآن کریم کے اس دلچسپ مقابلے میں شرکت کے لئے متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے مقابلہ کا اینٹرینس کلیئر کرنے کے لئے اپنی اپنی آڈیوز بھیجنا شروع کردی ہیں۔

گزشتہ برسوں کے دوران اس مقابلے میں دنیا کے مختلف ممالک منجملہ پاکستان و ہندوستان، افغانستان، کینیڈا، برطانیہ اور قطر سے قاری حضرات شریک ہوئے تھے۔

إقرا کے کوآرڈینیٹر انیس نقوی نے سبھی قاریوں سے اپیل کی ہے کہ مقابلے کے محدود وقت اور گنجائش کے پیش نظر اُس میں شرکت کے متمنی حضرات جلدی متحرک ہوں کیوں کہ پہلے رابطہ کرنے والوں اور تلاوت بھیجنے والوں کو ہی ترجیح دی جائے گی۔

اطلاعات کے مطابق اس بار إقرا کے میزبان سید باقر رضا کاظمی ہوں گے جو گزشتہ برسوں میں بھی اس مقابلے کی میزبانی کر چکے ہیں۔

اس مقابلے کی افادیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے عالم اردو کے ممتاز قرآنی اساتذہ کی خدمات لی جاتی ہیں جو تجوید، حُسن الصوت، نغمات و الحان اور وقف و ابتدا کے نقطۂ نظر سے قاریاں کرام کی پیش کردہ تلاوتوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنی اصلاحی نکات سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ’’اقرا‘‘ ماہ رمضان کی پہلی شب سے آخری شب تک آن ایئر رہے گا اور مقابلے کی اختتامی محفل میں تین ممتاز قاریان کرام کو کیش انعام سے نوازا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق یہ مقابلہ ہر شب ایران کے وقت کے مطابق 20:00 بجے جبکہ پاکستان اور ہندوستان کے مطابق بالترتیب 21:30 اور 22:00 بجے نشر ہوگا۔

ٹیگس