اقرأ قرآنی مقابلہ اختتام پذیر ہوا
ماہ رمضان کے دوران جاری حُسن تلاوت قرآن کا بین الاقوامی مقابلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔
سحر نیوز/ایران: ہمارے نمائندے کے مطابق اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلہ آج ماہ رمضان کے آخری دن اختتام پذیر ہوا۔ مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں سیمی فائنل سے منتخب ہونے والے تین ممتاز قاری حضرات کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے بعد پہلے دوسرے اور تیسرے انعام کے حقدار کا تعین ہو گیا۔
مقابلے کے ججز کے مطابق پہلے انعام کے حقدار علی رضا عادلی قرار پائے جنہوں نے مجموعی طور پر 89 پؤائنٹس حاصل کئے، جبکہ دوسرے نمبر پر محمد الیاس اخلاقی رہے جنہوں نے 88 پؤائنٹس کے ساتھ دوسرا انعام حاصل کیا اور تیسرے انعام کے مستحق کامران مسعودی تھے جو 87.25 پؤائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ تینوں قاری حضرات کا تعلق پاکستان سے رہا۔
اُدھر اقرا قرآنی مقابلے کی سائڈ لائن پر خواتین سے مخصوص کوئز کی ونرز خواتین کا بھی تعین ہو گیا۔ قرعے کے ذریعے پانچ خواتین کا انتخاب عمل میں لایا گیا جن میں سے ہر ایک 100 یورو کی انعامی رقم کی حقدار قرار پائیں۔
واضح رہے کہ اس سال اقرا قرآنی مقابلہ نے اپنا تیسرا سفر کامیابی کے ساتھ طے کیا جس میں مختلف ممالک منجملہ ہندوستان، پاکستان اور افغانستان سے مجموعی طور پر 69 قاریان کرام کو شرکت کا موقع دیا گیا۔ اس مقابلے میں برصغیر پاکستان و ہندوستان کے چار ممتاز قرآنی اساتذہ نے ججمینٹ کے فرائض انجام دئے جن میں استاد سید صداقت علی، استاد حافظ جنت حسین شاہ، استاد عزادار عباس خان اور استاد محمد وجاہت رضا شامل تھے۔ سید باقر رضا کاظمی بھی گزشتہ دو برسوں کی طرح اس سال بھی بحیثیت میزبان کے مقابلے میں حاضر رہے۔
عالم اردو میں چھپی قرآنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور وہاں قرآنی ماحول سازی کے مقصد سے شروع ہونے والے اقرا قرآنی مقابلے کو عالمی سطح پر بالخصوص بر صغیر پاکستان اور ہندوستان میں خوب مقبولیت حاصل ہوئی ہے جسے مختلف یوٹیوب چینلز نے بھی روزانہ کی بنیادوں پر اپنے ’’رمضان اسپیشل‘‘ پروگراموں میں شامل کیا۔