Apr ۱۱, ۲۰۲۴ ۰۱:۴۴ Asia/Tehran
  • اقرا قرآنی مقابلہ اختتام پذیر ہوا، افغان قاری بازی مار لے گئے

حُسن تلاوت قرآن کا بین الاقوامی مقابلہ، اقرا اپنے تین ونرز کے اعلان کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہو گیا۔

سحر نیوز/ایران: اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلہ جو اپنے چوتھے سیزن میں ماہ رمضان کے دوران آن ایئر رہا، ۲۸ روز کے سخت مقابلے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق اس سال مقابلے کے دائرے کو عالم اردو سے بڑھا کر ساری دنیا کے لئے کر دیا گیا تھا۔ اس بار آذربائیجان، افغانستان، انڈونیشیا، پاکستان، جرمنی اور ہندوستان سے قاریان کرام نے شرکت تاہم آخرکار فائنل میں افغانستان کے قاری بازی مارنے میں کامیاب رہے اور انہوں نے تینوں انعامات پر اپنا قبضہ جمالیا۔

۹ اپریل کو منعقد ہونے والے فائنل راؤنڈ میں سیمی فائنل میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے پانچ قاریان کرام کو تلاوت کا موقع ملا جن میں سبھی کا تعلق افغانستان سے تھا۔ ان پانچ میں سے تین قاریان کرام کبیر قلندر زادہ، محسن شجاعی اور سید مرتضیٰ علوی بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

یہ بھی پڑھیئے:  خواتین سے مخصوص اقرا کوئز کے نتائج کا اعلان ہو گیا

اس طرح کبیر قلندر زادہ نقد انعام ۲ ہزار یورو، محسن شجاعی ڈیڑھ ہزار یورو اور سید مرتضیٰ علوی ایک ہزار یورو کے حقدار قرار پائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کی مانند اس بار بھی مقابلے میں برصغیر کے چار ممتاز قرآنی اساتذہ نے جج کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دئے، استاد قاری سید صداقت علی (پاکستان)، استاد حافظ سید مجتبیٰ رضوی (ہندوستان)، استاد قاری عزادار عباس خان (ہندوستان) اور استاد قاری محمد وجاہت رضا (پاکستان) اس قرآنی شو میں حاضر رہے اور نہایت باریک بینی سے انہوں نے تلاوتوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنے استادانہ اصلاحی نکات سے بھی قراء اور ناظرین کو آگاہ کیا۔ 

میزبانی کے فرائض سید باقر رضا کاظمی (ہندوستان) نے انجام دئے۔

ٹیگس