اسمارٹ فون کا حد سے زیادہ استعمال بچوں کی تعلیمی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتا ہے: تحقیق
اسکرین کے سامنے بہت زیادہ وقت گزارنا بچوں کی مختلف صلاحیتوں کو متاثر کرتا ہے۔
اسمارٹ فونز کا استعمال بیشتر خاندانوں کے لیے روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے مگر بچپن میں اسکرینوں کے سامنے بہت زیادہ وقت گزارنا بچوں کی سیکھنے اور بولنے کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
Southern Methodist یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اسمارٹ فونز یا دیگر اسکرینوں کا بہت زیادہ استعمال بچوں کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق بچوں اس وقت سیکھتے ہیں جب وہ حقیقی اشیا کے ساتھ کھیلتے اور انہیں چھوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ جب بچے کوئی نیا لفظ سیکھتے ہیں، مثال کے طور پر سیب، تو یہ ضروری ہے کہ بچے اس کی ساخت کو محسوس کریں اور اسے ہر طرف سے دیکھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صرف سیب کی تصویر دیکھنے سے یہ سب تفصیلات حاصل نہیں ہوتیں۔
آسان الفاظ میں کسی چیز کو صرف اسکرین پر دیکھنے سے وہ سب کچھ معلوم نہیں ہوتا جو حقیقی دنیا میں اس سے کھیلنے سے ہوتا ہے۔
محققین نے مشورہ دیا کہ بچوں کے لیے اسمارٹ فونز کے استعمال کے وقت کو کم از کم رکھنے کی کوشش کریں، خاص طورپر زندگی کے ابتدائی برسوں کے دوران، جس دوران ان کی دماغی نشوونما ہو رہی ہوتی ہے اور بولنے کی صلاحیت بہتر ہو رہی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ بچوں کے ہاتھ میں فون اس لیے دیتے ہیں تاکہ وہ پرسکون رہیں یا آپ اپنا کام سکون سے کر سکیں تو فون کی بجائے دیگر کھلونے دینے کو ترجیح دیں۔
اس سے قبل ستمبر 2024 میں ایسٹونیا Tartu یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جب بچے بہت زیادہ وقت اسکرینوں کے سامنے گزارتے ہیں تو ان کی بولنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
اس تحقیق میں والدین اور بچوں کو شامل کرکے انہیں اسکرینوں کے سامنے گزارے جانے والے وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
تحقیق میں دیکھا گیا کہ اسمارٹ فونز یا دیگر اسکرینوں کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے بچوں پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
دنیا بھر میں والدین کے ساتھ گفتگو کرنے سے بچوں کی زبان بہتر ہوتی ہے جبکہ گرامر اور الفاظ کا ذخیرہ بھی بڑھتا ہے۔
مگر موجودہ عہد میں لوگ زیادہ وقت اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہوئے گزارتے ہیں جس کے باعث ان کے پاس بچوں سے بات کرنے کے لیے وقت نہیں ہوتا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اسکرینوں کے سامنے زیادہ وقت گزارنے والے بچوں کے بولنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
اس کے مقابلے میں اسکرینوں سے دور رہنے والے بچوں کی زبان سے متعلق صلاحیتیں بہترین کام کرتی ہیں۔