Jul ۲۱, ۲۰۲۵ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • فٹنس ہر عمر کے لیے، آسان اور مؤثر طریقہ

مصروف دن ہو یا تھکن بھرا شیڈول، فٹنس سے سمجھوتہ نہ کریں

سحر نیوز/صحت: فٹنس کی خواہش دل میں ہے مگر مصروفیات راستے میں؟

تو آپ اپنی دفتری یا کاروباری مصروفیات کے دوران چند منٹ نکال کر ایسا ممکن بنا سکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی آپ کو خود کو فٹ رکھنے کے لیے جم جا کر کئی گھنٹوں تک ورزش کرنے کی ضرورت نہیں، درحقیقت تیز رفتاری سے چہل قدمی سے بھی ایسا ممکن ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

خیال رہے کہ درمیانی عمر یا بڑھاپے میں جسمانی کمزوری کا مسئلہ بہت عام ہوتا ہے جس سے جسمانی فٹنس گھٹ جاتی ہے، پھسل کر گرنے، اسپتال میں داخلے یا دیگر مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ ذرا زیادہ تیز رفتاری جیسے فی منٹ 14 قدم چلتے ہیں تو اس سے جسمانی افعال میں نمایاں بہتری آتی ہے۔

درحقیقت اس سے معمر افراد کو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں درمیانی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں چہل قدمی کے پروگرامز کا حصہ بنایا گیا۔

Image Caption

 

ایک گروپ کو ہدایت کی گئی کہ وہ زیادہ سے زیادہ رفتار سے چہل قدمی کریں جبکہ دوسرے گروپ کو معمول کی رفتار سے چلنے کی ہدایت کی گئی۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ تیز رفتاری سے چہل قدمی کرنے والے افراد کی جسمانی فٹنس میں نمایاں بہتری آئی۔

محققین نے بتایا کہ چہل قدمی ایسی آسان جسمانی سرگرمی ہے جسے آسانی سے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنایا جاسکتا ہے اور اس سے صحت کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عام چہل قدمی سے بھی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اگر رفتار بڑھائی جائے تو زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل PLOS One میں شائع ہوئے۔

ٹیگس