عمر بڑھنے کے ساتھ جِلد پر جھریاں کیوں بنتی ہیں؟سائنسدانوں نے جان لیا
عمر میں اضافے کے ساتھ آنکھوں کے کونوں میں جھریوں کی لکیریں نمایاں ہونے لگتی ہیں اور اب سائنسدانوں نے جان لیا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔
سحر نیوز/صحت: امریکا کی Binghamton یونیورسٹی کی تحقیق میں اس پر روشنی ڈالی گئی۔
اس تحقیق میں 16 سے 91 سال کی عمر کے افراد کی جِلد کے نمونوں کو اکٹھا کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت ہوا کہ زیادہ عمر کے افراد کی جِلد کو جب ایک جانب کھینچ کر چھوڑا جاتا ہے تو اس سے جھریاں بننے لگتی ہیں۔
محققین نے بتایا کہ یہ اب کوئی خیال نہیں بلکہ اب ہمارے پاس جھریاں نمودار ہونے کی وجہ کے تجرباتی شواہد موجود ہیں۔
ماضی میں تحقیقی رپورٹس میں تناؤ اور دیگر وجوہات کی جانچ پڑتال کی گئی تھی مگر اس تحقیق میں پہلی بار جِلد کے حقیقی نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں جِلد کے نمونوں کو ایک آلے low-force tensometer میں ڈال کر مائیکرو اسکوپ سے دباؤ سے آنے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔
اس آلے کے ذریعے ایسے دباؤ کو ڈالا گیا تھا جس کا سامنا روزمرہ کی زندگی کے دوران جِلد کو ہوتا ہے۔
محققین نے دریافت کیا کہ عمر میں اضافے کے ساتھ جِلد کو کھینچنے پر بتدریج جھریاں بن جاتی ہیں۔
ہماری جِلد قدرتی طور پر کسی حد پھیلی ہوئی ہوتی ہے اور درمیانی عمر میں اس میں تبدیلیاں آتی ہیں، جیسے اوپری تہہ بتدریج سخت ہو جاتی ہے جبکہ اندرونی تہہ نرم ہونے لگتی ہے۔
اس طرح وقت کے ساتھ جِلد کا حجم گھٹ جاتا ہے اور جھریاں بن جاتی ہیں۔
محققین نے بتایا کہ اس کے علاوہ عمر میں اضافے سے ہٹ کر سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں سے بھی جِلد کو نقصان پہنچتا ہے جس سے بھی جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر آپ اپنا زیادہ تر وقت چار دیواری سے باہر گزارتے ہیں تو جلد جھریاں نمودار ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق نتائج جرنل آف دی Mechanical Behavior of Biomedical Materials میں شائع ہوئے۔