Oct ۱۵, ۲۰۲۵ ۰۹:۵۴ Asia/Tehran
  • ورزش کا نیا راز: سائنسدانوں کی حیران کن دریافت

ورزش کو کسی فرد کی صحت کے لیے بہت اہم قرار دیا جاتا ہے مگر اب اس عادت کا ایک حیرت انگیز فائدہ دریافت ہوا ہے۔

سحر نیوز/صحت:  چینی سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ ورزش کے فوائد والد سے اس کے بچوں میں منتقل ہوکر ان کی صحت اور قوت برداشت پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

نانجنگ یونیورسٹی اور نانجنگ میڈیکل یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے گئے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ چوہوں کی جانب سے ورزش کے فوائد بشمول مسلز کا بہتر حجم، مضبوط ہڈیوں اور کم جسمانی چربی وغیرہ کو جینز کے ذریعے بچوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنے والے چوہوں کے بچوں نے دوڑنے اور مضبوطی کے ٹیسٹوں میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

 

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ والد کی ورزش کرنے کی عادت اس کے بچوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوتی ہے، جبکہ سست طرز زندگی گزارنے والے فرد کے بچوں کی صحت ناقص ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ والد کی ورزش مستقبل کی نسلوں کی اچھی صحت کے لیے سستا اور آسان طریقہ ہے۔

تحقیق کے مطابق موجودہ عہد میں لوگوں کا طرز زندگی ایسا ہوتا جا رہا ہے کہ وہ جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنے لگے ہیں جبکہ ناقص غذاؤں کا استعمال بڑھ گیا ہے جس کے باعث دنیا بھر میں موٹاپے اور دائمی امراض کی شرح بڑھ رہی ہے۔

ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام میں دریافت کیا گیا تھا کہ جسمانی سرگرمیوں سے صحت کو ہر عمر میں درست رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

 

اس تحقیق میں نر چوہوں کے 2 گروپس بنائے گئے، جن میں سے ایک کو 8 ہفتوں تک ٹریڈ مل پر دوڑنے کی تربیت دی گئی جبکہ دوسرے گروپ کو جسمانی سرگرمیوں سے دور رکھا گیا۔

جب دونوں گروپس کے بچے ہوئے تو محققین نے بچوں کا تجزیہ کیا اور دریافت ہوا کہ ورزش کے فوائد ان میں منتقل ہوئے ہیں۔

محققین کے مطابق ان نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ورزش کرنے کے عادی والد بہتر میٹابولک صحت اور ایروبک گنجائش بچوں میں منتقل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میکنزم کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل میٹابولزم میں شائع ہوئے۔

ٹیگس