Nov ۰۸, ۲۰۲۵ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • نوجوانوں میں تیزی سے پھیلنے والے کینسر سے بچاؤ: آسان اور مؤثر تدابیر

دنیا بھر میں جوان افراد میں نظام ہاضمہ سے جڑی کینسر کی مختلف اقسام کے کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

سحر نیوز/صحت: آنتوں، معدے، غذائی نالی اور لبلبے سمیت نظام ہاضمہ سے متعلق کینسر کی اقسام کے پھیلاؤ میں اضافے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں، مگر ان سے بچنا آپ کے اپنے ہاتھ میں ہے۔

اگر آپ اس جان لیوا مرض سے خود کو محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنالیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی

ہارورڈ ٹی ایچ چن اسکول آف پبلک ہیلتھ کی اس تحقیق میں جسمانی سرگرمیوں اور نظام ہاضمہ سے جڑے کینسر کی اقسام سے متاثر ہونے اور موت کے خطرے کے درمیان تعلق کا تجزیہ کیا گیا۔

اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ کتنے وقت تک جسمانی سرگرمیاں کینسر سے بچاؤ کے لیے بہترین ہوتی ہیں۔

 

تحقیق میں 2 لاکھ 31 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا۔

ان کی صحت کا جائزہ 32 سال تک لیا گیا جس دوران 6538 افراد میں نظام ہاضمہ کے کسی ایک کینسر کی تشخیص ہوئی جبکہ 3791 اموات ہوئیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ زیادہ جسمانی سرگرمیوں سے کینسر کی ان اقسام سے متاثر ہونے یا موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ جسمانی سرگرمیوں سے آئندہ 3 دہائیوں کے دوران کینسر سے متاثر ہونے یا موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوتا ہے جبکہ معتدل سرگرمیوں سے بھی کافی حد تک تحفظ ملتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ جسمانی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے سے وقت کے ساتھ کینسر کی ان اقسام سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JAMA Oncology میں شائع ہوئے۔

اس تحقیق میں اس کی وجہ تو نہیں بتائی گئی مگر کچھ عرصے قبل امریکا کے کلیو لینڈ کلینک کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ جسمانی وزن میں کمی لاکر آپ خود کو کینسر کی متعدد اقسام سے بچا سکتے ہیں۔

 

تحقیق میں بتایا گیا کہ موٹاپے کے شکار افراد میں کینسر کی کم از کم 13 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، کیونکہ جسمانی وزن بڑھنے سے جسم میں ایسٹروجن اور انسولین جیسے ہارمونز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

اس تحقیق میں موٹاپے کے شکار ایک لاکھ سے زائد افراد کے طبی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی تھی جن میں سے 5300 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

تحقیق کے دوران ان افراد میں کینسر کی تشخیص سے 3، 5 اور 10 سال قبل جسمانی وزن میں آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی وزن میں کمی سے آئندہ 5 سال تک موٹاپے سے جڑے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی وزن میں کمی سے چھاتی، گردے، مادر رحم، جگر اور لبلبے سمیت کینسر کی 13 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی وزن میں کمی سے کینسر کی ایسی 16 اقسام سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے جو موٹاپے سے منسلک نہیں۔

ان اقسام میں جِلد، پھیپھڑے، آنکھیں، دماغ اور نظام ہاضمہ کے اعضا کے کینسر قابل ذکر ہیں۔

جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے سے جسمانی وزن میں بھی کمی آتی ہے۔

ٹیگس