Jan ۰۱, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۹ Asia/Tehran
  • محمد عامر کی پانچ سال بعد پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی

پاکستان نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ‎سزا پانے والے کرکٹ اسٹار محمد عامر کو پانچ سال کے بعد قومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید نے جمعے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کا اعلان کیا۔ ٹیم میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ‎سزا پانے والے کرکٹ اسٹار محمد عامر بھی شامل ہیں تاہم ان کی ٹیم میں شمولیت ویزا کے حصول سے مشروط ہے ۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے قوانین کے تحت انہیں ویزا کے حصول میں مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

محمد عامر دو ہزار دس میں لارڈ ٹیسٹ کے دوران سلمان بٹ اور محمد آصف کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تھے اور ان پر پانچ سال کے لیے قومی کرکٹ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ عامر کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عمر گل کو بھی ایک عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم واپس بلالیا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شاہد آفریدی کپتان ہوں گے۔ جبکہ احمد شہزاد، افتخار احمد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، عماد وسیم، سرفراز احمد، انور علی، عامر یامین، وہاب ریاض، عمر گل، محمد رضوان، سعد نسیم اور محمد عامر ٹیم میں شامل ہوں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز پندرہ جنوری سے ہو گا۔

ٹیگس