اعصام الحق آسٹریلین اوپن ٹینس کے مقابلے سے باہر ہوگئے
پاکستان کے ٹینس اسٹار اعصام الحق آسٹریلین اوپن ٹینس کے مقابلے سے باہر ہوگئے ہیں۔
اعصام الحق کو نئے سال کے آغاز کے ساتھ مسلسل تیسری بار شکست کا سامنا کرنا پڑاہے اور ان کو آسٹریلین اوپن ٹینس مردوں کےڈبل مقابلوں کے پہلے مرحلے میں ناکام ہوکر مقابلوں سے باہر ہونا پڑا ہے۔
اعصام الحق اور ان کے برطانوی ساتھی جوناتھن مرے کا مقابلہ برازیل کے برونو سورس اور برطانیہ کے جیمی مرے سے تھا۔
ایک گھنٹہ سترہ منٹ جاری رہنے والے میچ میں برونو سورس اور جمی مرے پوری طرح چھائے رہے اور وہ اعصام الحق اور جوناتھن مرے کی جوڑی کو چھے تین اور چھے چار سے شکست دیکر دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے ۔
سن دوہزار دس کے بعد آسٹریلین اوپن میں اعصام کی یہ بدترین کارکردگی ہے اعصام اور جوناتھن مرے رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں برسبین اوپن میں لوکاس کوبوٹ اور مارسن میکٹاؤسکی جبکہ آکلینڈ میں ایرک بیوٹوریک اور اسکاٹ لیپسکی سے شکست کھا گئے تھے۔