انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ: ہندوستان، سری لنکا اور نیپال کی کامیابی
آئی سی سی انڈر نائنٹین کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان، سری لنکا اور نیپال نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔
سلہٹ میں کھیلے گئے گروپ اے کے ایک میچ میں ہندوستان انڈر نائنٹین نے آئرلینڈ انڈر نائنٹین کو اناسی رنز سے ہرا دیا۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹ کے نقصان پر دو سو اڑسٹھ رنز بنائے، سرفراز خان چوہتّر اور سندر باسٹھ رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم انچاس اعشاریہ ایک اوور میں ایک سو نواسی رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ ولیم میک کلنٹوک اٹھاون اور لورکن ٹکر ستّاون رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ راہل بیتھم نے تین اور ماہپل لومور نے دو وکٹ حاصل کئے۔
گروپ بی کے میچ میں سری لنکا نے کینیڈا کو ایک سو چھیانوے رنز کے واضح مارجن سے شکست دی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں چھے وکٹ کے نقصان پر تین سو پندرہ رنز بنائے۔ کپتان چاریتھ اسلانکا چھیتّر، شامو اشان چوہتّر، کوین باندرا اکسٹھ اور وشاد رندیکا اکیاون رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کینیڈا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم انتالیس اعشاریہ دو اوور میں ایک سو انّیس رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ ارسلان خان بیالیس رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
گروپ ڈی کے میچ میں نیپال نے نیوزی لینڈ کو بتّیس رنز سے ہرا دیا، نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر دو سو اڑتیس رنز بنائے، راجو رجال اڑتالیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کی یوتھ ٹیم، مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم سینتالیس اعشاریہ ایک اوور میں دو سو چھے رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ گلین فلپس باون اور ڈیل فلپس اکتالیس رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ سنگھ ایری نے تین وکٹ حاصل کئے۔