دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ
سولر سسٹم کے افتتاح کے بعد پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ بن گئی ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے سولر سسٹم کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ انھیں خوشی ہے کہ پارلیمنٹ نے اپنی ضرورت کی بجلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر اداروں کو چاہئے کہ وہ بھی پارلیمنٹ کو مثال بناتے ہوئے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کی غرض سے موثر اقدامات کریں۔
پاکستانی پارلیمنٹ کے سولر سسٹم کو ایک چینی کمپنی نے تیار کیا ہے اور اس پر دو سو اسّی ملین ڈالر کے اخراجات آئے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی چھتوں اور پارکنگ ایریا میں لگائے گئے تین ہزار نو سو چالیس سولر پینلوں کی مدد سے اسّی میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جو پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کی ضرورت سے زیادہ ہے۔ سسٹم کی اضافی اٹھارہ میگاواٹ بجلی قومی گرڈ کو فراہم کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان، اس وقت چھے ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی کا شکار ہے۔