Mar ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • پاکستانی سیکورٹی ٹیم کے لئے ہندوستان نے ویزے جاری کردیئے

ہندوستان نے ورلڈٹی ٹوئنٹی کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پاکستانی سیکورٹی ٹیم کو ویزے جاری کردیئےہیں ۔

پاکستانی وزارت داخلہ کےمطابق سیکورٹی ٹیم مجموعی طور پر تین ارکان پرمشتمل ہوگی دو کو اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ویزے جاری کردیئے ہیں جبکہ تیسرا رکن نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے شامل ہوگا -

پاکستانی سیکورٹی ٹیم ہندوستان کے شہر دھرم شالہ کے پولیس چیف اور ہماچل پردیش کے وزیراعلی سے ملاقات کرے گی - ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے تحت انیس مارچ کو ہندوستان کےشہر دھرم شالہ میں ہندوستان اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جانا ہے تاہم میچ سے قبل ہی ہندوستان کی بعض سخت گیرتنظیموں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں اور کہا ہے کہ ہم یہ میچ نہیں ہونے دیں گے -

اس سے پہلے ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلی نے بھی مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ ریاستی حکومت اس میچ کی سیکورٹی فراہم نہیں کرسکتی - اور اگر دھرم شالہ میں یہ میچ نہ ہو تو زیادہ بہتر ہے -

اس درمیان پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے بھی کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ سیکورٹی وجوہات کی بناپر پاکستانی ٹیم کو دھرم شالہ میں میچ کھیلنے سے منع کردے -

ٹیگس