ہندوستان اور پاکستان کے میچ کو پوری سیکورٹی فراہم کریں گے: ہماچل پردیش کے وزیراعلی
ہندوستان کی ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلی نے کہا ہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے میچ کو پوری سیکورٹی فراہم کریں گے۔
ہماچل پردیش کے وزیراعلی نے اس سے پہلے دھرم شالہ شہر میں انیس مارچ کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کو سیکورٹی دینے سے معذرت کر لی تھی اور مرکزی حکومت سے کہا تھا کہ وہ اس میچ کے لئے سیکورٹی فراہم نہیں کر سکتے- ان کے اس بیان کے بعد ہندوستان اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ پر خطرے کے بادل منڈلانے لگے تھے- تاہم اب ہماچل پردیش کے وزیراعلی وربدرا سنگھ نے اپنے گذشتہ بیان سے ہٹ کر کہا ہے کہ دھرم شالہ میں ہندوستان اور پاکستان کے میچ کے دوران سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے-
ہماچل پردیش کے وزیراعلی کے اس بیان کے بعد پاکستان کی حکومت نے سیکور ٹی کا جائزہ لینے کے لئے ایک سیکورٹی ٹیم ہندوستان روانہ کی ہے اور کہا ہے کہ سیکورٹی ٹیم کی رپورٹ کے بعد ہی پاکستانی ٹیم کو ہندوستان بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا -
دوسری جانب آئی سی سی کے سربراہ رچرڈسن نے بھی کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میچ شیڈول کے مطابق ہی کھیلا جائے گا۔