ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان اور ہندوستان کا میچ دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والا میچ اب دھرم شالہ کے بجائے کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔
نئی دہلی میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈسن نے بدھ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والا میچ اب دھرم شالہ کے بجائے کولکتہ میں کھیلا جائے گا- انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی تمام معاملات کو اچھی طرح سمجھتی ہیں اور میچ کا مقام پاکستان کی درخواست اور دیگر وجوہات کی بناپر تبدیل کیا گیا ہے- ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ میچ کامقام تبدیل کرنے کا فیصلہ میچ کو پرامن بنانے کے لئے کیا گیا ہے-
واضح رہے کہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ریاست ہماچل پردیش کے وزیراعلی کی جانب سے سیکورٹی کی فراہمی پر معذرت کر لینے کے بیان کے بعد پاکستان نے اپنی ٹیم ہندوستان بھیجنے کو سیکورٹی کی فراہمی سے مشروط کر دیا- آئی سی سی کے اس تازہ اعلان کا کہ میچ کولکتہ میں کھیلا جائے گا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے خیرمقدم کیا ہے۔