پاکستانی کرکٹ ٹیم کی روانگی ہندوستانی حکومت کی سیکورٹی ضمانت سے مشروط
پاکستان نے کہا ہے کہ جب تک ہندوستان کی جانب سے سیکورٹی کی ضمانت نہیں مل جاتی اس وقت تک پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لئے ہندوستان جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ افسوس کے ساتھ یہ اعلان کرنا پڑ رہا ہے کہ جب تک حکومتی سطح پر سیکورٹی کی ضمانت نہیں مل جاتی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہندوستان جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی - انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی کی جانب سے مکمل تعاون کیا گیا اب ہندوستانی حکومت کو چاہئے کہ وہ پاکستانی ٹیم کی سیکورٹی کی ضمانت دے -
اس سے پہلےسیکورٹی کے خدشات کے پیش نظر پاکستان کی درخواست پر پاکستان اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان انیس مارچ کو ہونے والے میچ کو دھرم شالہ سے کولکتہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے خیر مقدم بھی کیا گیا تھا - تاہم حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی حکومت کو چاہئے کہ وہ پاکستانی ٹیم کی سیکورٹی کی ضمانت فراہم کرے -
پاکستان کی جانب سے سیکورٹی کی ضمانت کا یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ایک سخت گیر ہندو تنظیم نے کہا ہے کہ وہ کولکتہ میں بھی پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ نہیں ہونے دےگی اور اگر میچ کرانے کی کوشش کی گئی تو وہ کولکتہ کے اسٹیڈیم کی پچ کھود دے گی-