وقار یونس نے بھی شاہد آفریدی کی حمایت کر دی
پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی حمایت میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے بعد اب ہیڈ کوچ وقار یونس بھی کھڑے ہوگئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ میں نہیں سمجھتا کہ آفریدی نے کوئی متنازعہ بات کی ہے -
واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے کولکتہ میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہندوستان میں پاکستان سے بھی زیادہ محبت ملی ہے -
شاہد آفریدی کے اس بیان پر پاکستان میں زبردست بحث چھڑ گئی ہے اور مختلف حلقوں نے جہاں ان کے بیان پر شدید تنقید کی ہے وہیں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اور ہیڈکوچ مصباح الحق اور وقار یونس ان کی حمایت میں کھڑے ہوگئے ہیں -
وقار یونس نے کہا کہ یہ وقت تنازعات کا نہیں بلکہ کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کا ہے-
وقار یونس نے کہا کہ شاہد آفریدی کے بیان کا وہ مطلب ہرگز نہیں تھا جس طرح سے پیش کیا گیا -
خود شاہد آفریدی نے بھی تنقید کرنے والوں پر واضح کردیا ہے کہ ان کی بات کا جس طرح سے چاہیں مطلب نکالیں انہوں نے تو محبت کا پیغام دیا تھا -
اس درمیان پی سی بی نے شاہد آفریدی کو محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے -
ادھر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ شاہد آفریدی نے یہ بیان ہندوستانی تماشائیوں کو خوش کرنے کے لئے دیا ہو تاکہ انیس مارچ کو ہونے والے میچ میں ایڈن گارڈن میں ہندوستانی تماشائیوں کا پاکستانی ٹیم کے خلاف رویّہ بہت زیادہ سخت نہ ہو -
انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کا یہ بیان شاید سوچ سمجھ کر دیا گیا بیان ہو -
انہوں نے کہا کہ ویسے شاہد آفریدی اپنے دل کی بات کہہ دیتے ہیں -