Apr ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۲:۰۳ Asia/Tehran
  • تیسری یورپی ٹوریست ٹرین ایران کے سفر پر

یورپ کی تیسری ٹوریسٹ ٹرین اصفہان سمیت ایران کے کئی تاریخی شہروں کا سفر کرے گی۔

ایران کے صوبہ اصفہان کے محکمہ ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ گولڈن ٹرین کے نام سے یورپی سیاحوں کی تیسری ٹرین پانچ اپریل کو صوبہ مغربی آذربائیجان میں واقع رازی بارڈر کے راستے صوبہ مشرقی آذربائیجان کے مرکز تبریز کے ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

ترکی کے راستے میں امن و امان کی خراب صورت حال کی وجہ سے یہ ٹرین بغیر مسافروں کے ایران میں داخل ہو گی اور اس کے مسافر ہوائی جہاز کے ذریعے تبریز ایئرپورٹ پہنچیں گے اور پھر اس شہر کے ریلوے اسٹیشن سے اس میں سوار ہوں گے۔

یورپی سیاحوں کی یہ تیسری ٹرین پانچ اپریل کو سہ پہر کے وقت یورپی سیاحوں اور مسافروں کو لے کر صوبہ زنجان کی جانب روانہ ہو گی اور اس کے بعد کاشان، اصفہان، سعادت شہر، شیراز، یزد اور مشہد جائے گی۔

اس ٹرین میں سفر کرنے والے سیاح گیارہ اپریل کو تہران ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دو یورپی ٹوریسٹ ٹرینوں نے اصفہان کا سفر کیا تھا پہلی ٹرین میں تقریبا ستر اور دوسری میں تقریبا پچاس غیرملکی سیاح سوار تھے۔

صوبہ اصفہان میں ہزاروں تاریخی آثار اور عمارتیں موجود ہیں کہ جن میں سے ایک ہزار آٹھ سو پچاس قومی ورثے کی فہرست جبکہ چار عمارتیں میدان امام یا امام اسکوائر ، جہل ستون محل، باغ فین کاشان اور مسجد جامع اصفہان عالمی ورثے کی فہرست میں درج ہیں۔

ٹیگس