پاکستانی کرکٹر محمدعامر کو انگلینڈ کا ویزاجاری
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو قومی ٹیم کے ہمراہ دورہ انگلینڈ کے لئے ویزا جاری کر دیا گیا ہے
پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے بھی محمد عامر کے لئے انگلینڈ کا ویزا جاری ہونے کی تصدیق کر دی ہے- پی سی بی کے حکام کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو دورہ انگلینڈ کے لئے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات موصول ہونے کا انتظار ہے جس کے بعد وہ اٹھارہ جون کو قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوں گے- محمد عامر چھے سال بعد اپنا کوئی ٹیسٹ میچ کھیلیں گے-
پابندیوں کے خاتمے کے بعد وہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پرکھیلیں گے جہاں چھے سال قبل انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا- دوہزاردس کی سیریز میں وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے-
واضح رہے کہ محمدعامر پر دوہزار دس میں پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کے ہمراہ لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں پانچ سال کے لئے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جبکہ انہیں چھے مہینے کے لئے برطانیہ میں جیل میں بھی رکھا گیا تھا -