اولمپک سے قبل برازیل میں داعش سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد گرفتار
برازیل کی پولیس نے ریو اولمپک کے دوران دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں دس افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پریس ٹی وی کے مطابق برازیل کے حکام نے بتایا ہے گرفتار شدگان داعش کے رکن نہیں لیکن اس گروہ سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ برازیل کے وزیر انصاف الیگزینڈر موریس نے بتایا کہ پولیس نے جمعرات کو داعش سے تعلقات کے الزام میں دس افراد کو گرفتار کیا ہے کہ جو اولمپک کے دوران دہشت گردی کا منصوبہ تیار کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے تمام افراد برازیل کے شہری ہیں اور ان لوگوں کو جنوبی برازیل کے صوبے پارانا سے گرفتار کیا گیا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق داعش کی سائبر سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ خود کو انصار الخلیفہ برازیل کہنے والے ایک گروپ نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کا پیروکار ہے۔
برازیل کی انٹیلی جینس ایجنسی نے اس اعلان کے بعد کہا تھا کہ وہ اولمپک کھیلوں سے متعلق ہر قسم کے خطرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔