Oct ۲۸, ۲۰۱۶ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • فلم محمد رسول اللہ (ص) کی ترکی کے تین سو سینما گھروں میں نمائش

ایرانی ہدایت کار مجید مجیدی کی تیار کردہ فلم محمد رسول اللہ (ص) جمعہ کے روز سے ترکی کے تین سو سینما گھروں کی زینت بن رہی ہے۔

پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کی رات استنبول کے ایک ثقافتی مرکز میں فلم محمد رسول اللہ (ص) کا خصوصی شو منعقد کیا گیا جسے ترکی کی بہت سی ثقافتی و مذہبی شخصیات، دسیوں آرٹسٹوں اور ہدایت کاروں نے دیکھا اور اس فلم کی تعریف کی۔

اس رپورٹ کے مطابق اس فلم کی خصوصی نمائش کے موقع پر بہت سے شائقین اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں پرنم ہو گئیں۔

اس فلم کو ترکی زبان میں ڈب کر کے اور انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ پیش کیا جا رہا ہے۔ ترکی کے دسیوں ٹی وی چینلوں نے ایرانی فلم محمد رسول اللہ (ص) کے افتتاحی شو کے پروگرام کو بھرپورکوریج دی۔

واضح رہے کہ فلم محمد رسول اللہ (ص) پینتیس ملین ڈالر بجٹ سے تیار کی گئی ہے اور یہ ایران کی فلمی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ہے جسے عالمی سطح پر خاص طور پر دنیا کے مسلمانوں نے بہت پسند کیا ہے۔

ٹیگس