سعودی کھلاڑیوں کے ذریعے آل سعود حکومت کو ایک اور جھٹکا
ایک ایسے وقت جب سعودی حکام اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو برقرار کرنے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کررہے ہیں سعودی عرب کے بیڈ مینٹن کے دو کھلاڑیوں نے اسرائیلی کھلاڑیوں کے مقابلے میں کھیلنے سے انکارکردیا ہے
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے خبردی ہے کہ سعودی عرب کی بیڈ مینٹن کی قومی ٹیم کے دو کھلاڑیوں معاذ اور نواف نے یوکرین میں جاری بین الاقوامی مقابلے میں صیہونی حکومت کے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا ہے - سعودی کھلاڑیوں کا ڈرا اسرائیلی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے لئےنکلا تھا - اس سے پہلے بھی جمہوریہ چک میں کیمسٹری کے بین الاقوامی اولمپیاڈ میں انعام پانے والے سعودی عرب کے ایک طالب علم نے تقسیم انعامات کے موقع پر اسرائیلی طالب علم کے ساتھ کھڑے ہونے سے انکار کردیا اور اپنی جگہ سے ہٹ کر ایران کے طالب علم کے ساتھ کھڑا ہوگیا تھا - صیہونی حکومت کے ساتھ آل سعود کے غیر سرکاری روابط میں اضافے کے موقع پر سعودی حکام نے انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والوں اور اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کی برقراری کے مخالفین کی ایک بڑی تعداد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں محمد الربیعہ ، ابراہیم المدیمغ اور نورہ فقیہ شامل ہیں - سعودی عرب کے عوام اور دانشورطبقہ صیہونی حکومت کے ساتھ آل سعود حکومت کے تعلقات کی برقراری کے خلاف ہے -