ایشین گیمز: ویٹ لیفٹنگ میں ایران کو سونے کا تمغہ
انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز میں ایران کے ویٹ لیفٹر سہراب مرادی نے چورانوے کلوگرام کے وزن کے مقابلے میں ایک مرحلے میں وزن اٹھانے کا ریکارڈ توڑتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کر لیا۔
ایران کے ویٹ لیفٹر سہراب مرادی نے چورانوے کلو گرام کے وزن میں ایک ہی بار میں ایک سو نواسی کلو گرام وزن اٹھا کر انیس سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا-
اس سے پہلے چورانوے کلوگرام کے وزن میں ایک بار میں سب سے زیادہ وزن اٹھانے کا ریکارڈ انیس سو ننانوے کے ویٹ لیفٹنگ کے عالمی کپ میں بنا تھا جب ایک ہی بار میں ایک سو اٹھّاسی کلوگرام وزن اٹھایا گیا تھا- ایشین گیمز میں ایرانی کھلاڑی سہراب مرادی نے دو مرحلے میں اٹھائے جانے والے وزن کے مقابلے کے دوران بھی دو سو اکیس کلوگرام وزن کاندھے پر بلند کیا اور یوں مجموعی طور پر انہوں نے چار سو دس کلوگرام وزن اٹھایا-
سونے کے اس تمغے کے ساتھ ہی ایرانی کھلاڑیوں کے دستے نے ایشین گیمز میں مجموعی طور پر سونے کے تیرہ تمغے حاصل کر لئے- انڈونیشیامیں جاری ایشین گیمز میں ایران اب تک سونے کے تیرہ، چاندی کے گیارہ اور کانسی کے آٹھ تمغے جیت کر چوتھی پوزیشن پر ہے۔