Sep ۲۰, ۲۰۱۸ ۰۶:۴۸ Asia/Tehran
  • ایشیا کپ میں ہندوستان نے پاکستان کوشکست دے دی

ایشیا کپ کرکٹ کے اہم میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی اور 50 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی، پاکستانی ٹیم 44ویں اوور میں 162 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں ہندوستان نے مطلوبہ ہدف با آسانی 2 وکٹ کے نقصان پر 29 اوورز میں پورا کرلیا۔

ہندوستان کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شیکھر دھون نے اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا اور دونوں نے 86 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی، اس دوران کپتان روہت شرما 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر شاداب خان کا شکار بنے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔

کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد شیکھر دھون نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا لیکن 104 رنز کے مجموعی اسکور پر وہ فہیم اشرف کا شکار بن گئے، دھون 46 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

امباٹی رائیڈو اور دنیش کارتک نے تیسری وکٹ کے لیے 60 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا، دونوں بلے باز 31، 31 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے47 اور شعیب ملک نے 43 رنز بنائے۔

ہندوستان کی جانب سے بھنویشور کمار اور کیدار جادیو نے 3،3 جبکہ جسپریت بمرا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹیگس