ورلڈ کپ کرکٹ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب
ورلڈ کپ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب آج لندن مال میں سجے گی ۔
انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے سلسلے میں آج بدھ کے روز لندن مال میں شاندار افتتاحی رنگارنگ تقریب سجائی جا رہی ہے، جس میں نامور کرکٹرز کی موجودگی میں انٹرٹینمنٹ سے شائقین کرکٹ کو لطف اندوز کیا جائے گا۔
اس تقریب کے ٹکٹ پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں، قرعہ اندازی کے تحت 4 ہزار شائقین کو ایونٹ میں شرکت کا پروانہ جاری کیا گیا ہے، یہ ٹکٹ کسی دوسرے کو فروخت نہیں کیے جاسکتے بلکہ جس کے نام پر جاری ہوئے وہی اسے استعمال کرسکتا ہے۔
ایک گھنٹے پر محیط تقریب کو پوری دنیا میں برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق 5 بجے شام براہ راست نشر کیا جائے گا۔
دوسری جانب انگلینڈ میں جمعرات سے شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کیلئے غیرمعمولی اقدامات کیے گئے ہیں، حالیہ کچھ ماہ میں کرکٹ کھیلنے والے 2بڑے ممالک نیوزی لینڈ اور سری لنکا میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات نے میگا ایونٹ کے منتظمین کو سیکیورٹی پلان پر نظرثانی پر مجبور کیا اور اس میں مزید بہتری بھی لائی گئی ہے، دنیا کی مجموعی صورتحال کے پیش نظرآئی سی سی کی ٹیم کو مکمل طور پر چوکس رکھا گیا ہے۔