ورلڈکپ کرکٹ میں آج نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں مقابلہ ہو گا
ورلڈکپ کے 24 ویں میچ میں کل انگلینڈ نے افغانستان کو 150 رنز سے ہرادیا۔
ورلڈکپ کرکٹ 2019 کے 25 ویں میچ میں آج نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں مقابلہ ہو گا۔ جبکہ اس سے قبل کل مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم کے 398 رنز کے ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 247 رنز ہی بنا سکی۔ اس طرح انگلینڈ نے افغانستان کو 150 رنز سے ہرادیا۔
حشمت اللہ شہیدی 76 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ رحمت شاہ 46 اور اصغر افغان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انگلش ٹیم کی جانب سے آرچراورعبدالرشیدنے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلش کپتان مورگن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 57 گیندوں پر سنچری اسکور کی جو کہ ورلڈکپ کی تاریخ کی چوتھی اور رواں عالمی کپ کی اب تک کی تیز ترین سنچری ہے۔اس کے ساتھ ساتھ کسی بھی انگلش بیٹسمین کی جانب سے عالمی کپ میں بنائی گئی تیز ترین سنچری بھی ہے۔
انگلش کپتان نے کئی اور ریکارڈز بھی اپنے نام کیے، انہوں نے ون ڈے کی ایک اننگز میں 17 چھکے لگائے جو کہ انگلینڈ کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔مورگن نے مجموعی طور پر 71 گیندوں پر 148 رنز بنائے۔ان کی اننگز میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔
انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 397 رنز کا پہاڑ جیسا ٹوٹل کھڑا کیا، بیرسٹو 90 اور وٹ 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے
افغانستان کی جانب سے راشد خان سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورز میں 110 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی، پیسر زردان اور گلبدین نائب نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔