کبڈی ورلڈ کپ 2020 میں ایران کی تیسری پوزیشن
کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے فائنل میں پاکستان، ہندوستان کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈ چیمپئن بن گیا۔
تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے ایران اور آسٹریلیا کے درمیان میچ کھیلا گیا جسے جیت کر ایرانی کبڈی ٹیم نے کبڈی ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ ایران نے آسٹریلیا کی کبڈی ٹیم کو 21 پوائنٹس سے شکست دی اور شاندار کھیل پیش کرکے برتری پائی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا اسکور 54-33 رہا۔ تیسری پوزیشن پر ایران کے کھلاڑیوں نے اپنے پرچم کے ساتھ پورے گراؤنڈ کا چکر لگا کر خوشی کا اظہارکیا اور تماشائیوں نے بھی ایرانی ٹیم کو بھرپور داد دی۔
یاد رہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، فائنل جیتنے کے لیے پاک و ہند کے کھلاڑیوں نے خوب زور آزمائی کی تاہم پاکستانی پہلوانوں کا پلہ بھاری رہا اور انہوں نے ہندوستانی پہلوانوں کو چاروں شانے چت کردیا۔
کبڈی کی اس عالمی جنگ کو دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا جنہوں نے ہر پوائنٹ پر کھلاڑیوں کو دل کھول کرداد دی اور خوب لطف اندوز ہوئے۔