بین الاقوامی ادارے امریکہ سے دیگرملکوں میں منتقل کئے جائیں
Aug ۳۰, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
-
بین الاقوامی ادارے امریکہ سے دیگر ملکوں میں منتقل کئے جائیں،روس کا مطالبہ
روس نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی اداروں کو امریکہ سے دیگرملکوں میں منتقل کیاجائے
روسی سینٹ میں بین الاقوامی امور کمیشن کے ڈپٹی چیئر مین نے دیگر ملکوں کے حکام کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے واشنگٹن کے اقدام پر نکتہ چینی کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں کو امریکہ سے دیگر ملکوں میں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے-ولادیمیر جاباروف نے ایتارتاس نیوز ایجنسی کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ رشین فیڈریشن کونسل (سینٹ) کی چیئرپرسن کے خلاف امریکی رویہ اور ان کو ویزا دینے سے انکار، نامناسب اقدام ہے۔رشین فیڈریشن کونسل (سینٹ) کی چیئر پرسن ویلنٹینا ماتوینکوف نے، محدود ویزا دیئے جانے کےسبب نیویارک میں جاری بین پارلیمانی اجلاس میں اپنی اور روسی وفد کی شرکت کو منسوخ کردیا -
ولادیمیر جاباروف نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں اوراجلاسوں کے میزبان ملکوں کو چاہئے کہ وہ تمام شرکت کنندگان کے لئے غیرمحدود ویزا صادر کرنے کی پابندی کریں-
اس روسی عہدیدار نے کہا کہ ہم تمام سیاستدانوں، تاجروں، ماہرین اورسیاسی حلقوں کے نمائندوں سے یہی درخواست کریں گے کہ وہ امریکہ میں منعقدہ کسی بھی اجلاس میں شرکت سے پہلے اچھی طرح فکر کریں-
روس میں امریکی سفارتخانے نے اعلان کیا ہے کہ ماتوینکوف ایسا ویزا حاصل کرسکتی ہیں کہ جس سے اقوام متحدہ کے اجلاسوں میں شرکت کرسکتی ہیں لیکن اکتیس اگست سے دو ستمبر تک ہونے والے بین پارلیمانی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتیں-