کیمرون: بوکو حرام کے عناصر کا خود کش حملہ
Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۶:۱۰ Asia/Tehran
کیمرون میں دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے عناصر کے خود کش حملے میں تین افراد مارے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کیمرون کے شہر مورا میں دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے دو عناصر نے خودکش بیلٹوں کے ذریعے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔اس دھماکے میں خود کش حملہ آوروں کے علاوہ ایک پولیس اہلکاراوردوعام شہری بھی مارے گئے۔
کیمرون کے ایک فوجی ذریعے نے اس دہشت گردانہ حملے میں مارے جانے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔
اس فوجی ذریعے نے مزید کہا کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیس اہلکار معمول کے مطابق جامہ تلاشی کے کام میں مصروف تھے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بدھ کے دن ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ سنہ دو ہزار چودہ سے اب تک دہشت گرد گروہ بوکو حرام کے حملوں میں چار سو عام شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ بوکو حرام نے چھ سال قبل نائیجیریا کی حکومت کے خلاف اپنی مسلح سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا اور رواں سال کے دوران یہ گروہ چاڈ، کیمرون اورنائیجر کے لئے ایک بڑا خطرہ بن چکا ہے۔