Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۲۰:۴۵ Asia/Tehran
  • تحریک انصاراللہ کے رہنماؤں کو روس کے دورے کی دعوت

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ صنعا میں تعینات روسی سفیر نے انصاراللہ کے رہنماؤں کو ماسکو کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔

لبنان کے المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ تحریک انصاراللہ، یمن پر مسلط کردہ جن‍گ کے خاتمے کے لئے اقوام متحدہ کے اقدامات اور بحران یمن کے سیاسی حل کا خیر مقدم کرتی ہے۔

محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ تحریک انصاراللہ کے وفد نے عمان کے دار الحکومت مسقط کا دورہ کرنے سے قبل صنعا میں تعینات روس کے سفیر ولادیمیر دیدشکین سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں روس کے سفیر نے انصاراللہ کے نمائندوں کو یمن میں لڑائی کے خاتمے کے طریقوں کے بارے میں مذاکرات کے لئے ماسکو کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی۔

یہ ملاقات یمن میں تعینات روسی سفیر کے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر کی گئی تھی۔ یمن میں تعینات روسی سفیر گزشتہ منگل کے دن سعودی حکام کے ساتھ مذاکرات اور یمن کے مفرور سابق صدر منصور ہادی سے سعودی عرب میں ملاقات کے بعد صنعا واپس لوٹے تھے۔ واضح رہے کہ اس ملاقات کی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

ٹیگس