برطانیہ کی ٹریڈ یونینوں کا بحرینی حکومت کی برطانوی فوجی مدد پر نظر ثانی کا مطالبہ
Sep ۲۷, ۲۰۱۵ ۲۱:۴۴ Asia/Tehran
برطانیہ کی ٹریڈ یونینوں نے برطانوی حکومت کی طرف سے بحرینی حکومت کی فوجی مدد پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق برطانیہ کی ٹریڈ یونینوں نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحرینی حکومت کی فوجی مدد پر نظرثانی کرے- برطانوی ٹریڈ یونینوں نے اپنے بیان میں بحرین میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو وسیع اور منصوبہ بند قرار دیا اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کی اپنی فوجی مدد و حمایت پر نظر ثانی کرے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت بحرینی حکومت کی فوجی مدد پر نظر ثانی کرکے بحرینی عوام کی مشکلات کو ختم کرسکتی ہے۔ اس بیان کے مطابق برطانیہ کی طرف سے بحرینی حکومت کی فوجی مدد میں دو ہزار چودہ کے مقابلے دو ہزار پندرہ میں اضافہ ہوا ہے۔ بیان کے مطابق برطانوی حکومت نے دو ہزار چودہ میں بحرینی حکومت کی پندرہ لاکھ پونڈ کی فوجی مدد کی تھی جبکہ دو ہزار پندرہ میں اکیس لاکھ پونڈ کی مدد کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی طرف سے بحرینی حکومت کی فوجی مدد جاری رہنا بحرین میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو نظر انداز کئے جانے کی علامت ہے۔