Oct ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۵۵ Asia/Tehran
  • آئی ایم ایف کی سربراہ کی امریکہ پر نکتہ چینی
    آئی ایم ایف کی سربراہ کی امریکہ پر نکتہ چینی

آئی ایم ایف کی سربراہ نے اپنے ادارے(آئی ایم ایف) میں مجوزہ اصلاحات کے تعلق سے امریکی کانگرس کے رویئے پر سخت تنقید کی ہے۔

ارنا کے مطابق آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے کہا ہے کہ امریکی کانگرس نے مختلف قسم کی رکاوٹیں کھڑی کرکے آئی ایم ایف کی ساکھ کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف میں اصلاحات کی منظوری کے تعلق سے امریکی کانگرس کی رکاوٹیں نا قابل قبول ہیں۔ انھوں نے آئی ایم ایف میں اصلاحات کے بارے میں طولانی سیاسی اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اختلافات نے اس بین الاقوامی ادارے کے اعتبار اور ساکھ کو ‎سخت خطرے سے دوچار کردیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ آئی ایم ایف کی مجوزہ اصلاحات میں فنڈ کے سرمائے کو دو گنا کرنے اور چین اور دیگر ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقتوں کا کردار اور ان کی رائے کی قدر میں اضافے کی تجویز شامل ہے۔

امریکی حکومت نے آئی ایم ایف میں اصلاحات کی منظوری دے دی ہے لیکن کانگرس کی مخالفت کی وجہ سے یہ اصلاحات تین سال سے تعطل کا شکار ہیں۔

امریکی کانگرس کے بعض اراکین اس بہانے سے آئی ایم ایف میں مجوزہ اصلاحات کی مخالفت کررہے ہیں کہ منظوری کی صورت میں فنڈ کو زیادہ رقم دینی پڑے گی اور بعض اراکین کانگرس کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے آئی ایم ایف پر امریکا کےتسلط میں کمی آجائے گی۔

ٹیگس