لندن: سعودی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
Oct ۳۱, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
لندن میں مقیم مسلمانوں اور عربوں نے سعودی عرب کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ باقر نمر کی سزائے موت کے فیصلے کے خلاف سعودی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا -
العالم کے مطابق سعودی عرب کے سفارتخانے کے باہر مظاہرے میں شریک لوگوں نے نعرے لگاکرآیت اللہ شیخ باقرنمر کی سزائے موت کی توثیق پرمبنی سعودی عرب کی اعلی عدالت کے فیصلے کی مذمت کی-لندن میں ہونے والے اس مظاہرے کے شرکا اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر سعودی حکومت کو سخت خبردار کئے جانے والے نعرے درج تھے- مظاہرے کے شرکا آیت اللہ شیخ باقر نمر کی فوری رہائی کا مطالبہ کررہے تھے - مظاہرین کا کہنا تھا کہ شیخ باقرنمر کو موت کی سزا کا فیصلہ ظالمانہ، غلط اور عالمی قوانین و ضوابط کے منافی ہے-
مظاہرے کے شرکا نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے بھی اپیل کی کہ شیخ باقر نمر کی سزائے موت پر عمل درآمد کو رکوانے اور ان کی فوری رہائی کے لئے وقت ضائع کئے بغیر ٹھوس اقدام کریں -
مظاہرے میں شریک ایک عالم دین نے کہاکہ اگر شیخ باقر نمر کو پھانسی دی گئی تو آل سعود کا یہ اقدام سعودی عرب اور علاقے میں اعلان جنگ کے مترادف ہوگا اور پھر کوئی بھی اس اقدام کےخطرناک نتائج کو نہیں روک سکے گا -
مذکورہ عالم دین نے خبردار کیا کہ آیت اللہ شیخ باقر نمر کو پھانسی دینے کے علاقائی اور عالمی سطح پر انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے -