وائٹ ہاؤس؛ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کی تردید
Nov ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
وائٹ ہاؤس نے واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان کشیدگی کی تردید کی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جاش ارنسٹ نے کہا ہے کہ صدر باراک اوباما اور بن یامین نتین یاہو کے روابط بقول ان کے باہمی احترام کی بنیادوں پر استوار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تل ابیب اور واشنگٹن کے درمیان کوئی کشیدگی نہیں پائی جاتی ہے اور اس قسم کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ صدر باراک اوباما کے بارے میں اسرائیلی وزیر اعظم کے مشیر کے بیان سے بن یامین نتین یاہو کا دورہ واشنگٹن متاثر نہیں ہوگا۔
یادرہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے مشیر باراتز نے کچھ عرصہ قبل امریکی صدر باراک اوباما پر یہودیوں کے مخالف ہونے کا الزام لگایا تھا ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے بارے میں کہا تھا کہ وہ ذہنی پسماندگی کا شکار ہیں اور ان کی عقل بارہ سال کے بچے جیسی ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے اپنے مشیر کے اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے مشیر کے اس بیان کا تعلق ان سے نہیں ہے۔
دوسری طرف وائٹ ہاؤس کے شعبہ مشرق وسطی کے کوآرڈینیٹر راب میلی نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ جب تک باراک اوباما وائٹ ہاؤس میں موجود ہیں اس وقت تک دو ریاستی فارمولے پر عمل نہیں ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ بل کلنٹن کے دور حکومت کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب ایک ساتھ اسرائیل اور فلسطین دو ریاستوں کی تشکیل کی بات نہیں کی جا سکتی۔ یہ پریس کانفرنس صیہونی وزیر اعظم کے دورہ واشنگٹن کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دینے کے لئے منعقد ہوئی تھی۔