Nov ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • بھاری اسلحے نکالنے کے بارے میں یوکرینی فوج اور مخالفین کے درمیان معاہدہ، جرمنی کی تصدیق
    بھاری اسلحے نکالنے کے بارے میں یوکرینی فوج اور مخالفین کے درمیان معاہدہ، جرمنی کی تصدیق

جرمنی نے مشرقی یوکرین سے بھاری اسلحے نکالنے کے لئے ، یوکرین کی فوج اور مخالفین کے درمیان سمجھوتے کی تصدیق کردی ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق جرمن وزیر خارجہ نے سمجھوتہ ہوجانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ برلن مذاکرات میں یوکرین کی حکومت اور مخالفین نے مشرقی یوکرین سے بھاری اسلحے نکال لینے پر اتفاق کیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ فرانک والٹر اشٹائن مائر نے دونوں فریقوں سے اپیل کی تھی کہ مشرقی یوکرین کے ان تمام علاقوں سے جہاں لڑائی ہورہی ہے، بھاری اسلحے نکال لئے جائیں ۔

انھوں نے بتایا ہے کہ سمجھوتے کے مطابق نومبر کے اختتام تک مشرقی یوکرین کے سبھی علاقوں سے بھاری اسلحے نکال لئے جائیں گے۔ جرمن وزیر خارجہ نے دونوں فریقوں کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دس ہفتے کےدوران جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مشاہدہ نہیں کیا گیا ہے ۔

اس رپورٹ کے مطابق یوکرین ، روس، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے برلن میں اپنی دو گھنٹے کی نشست کے بعد الگ الگ بیانات جاری کرکے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس معاہدے کی مکمل پابندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

برلن نشست میں مشرقی یوکرین کے جنگی علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور طے پایا کہ نومبر کے اختتام تک اس سلسلے میں باضابطہ معاہدہ کیا جائے گا۔

ٹیگس