داعش مخالف اتحاد کی تشکیل کی اپیل
-
داعش مخالف اتحاد کی تشکیل کی اپیل
لبنان میں دہشت گردانہ کارروائی کے بعد ماسکو نے داعش مخالف اتحاد کی تشکیل کی اپیل کی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے جمعے کے دن ایک بیان جاری کیا جس میں لبنان میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور داعش کے خلاف متحدہ محاذ قائم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ روس کو اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی ہے اور اسے امید ہے کہ زخمی بہت جلد شفایاب ہو جائیں گے۔
اس بیان میں کہا گیاہےکہ ہم لبنان کے دارالحکومت میں ، کہ جو برسہا برس سے دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہے، کی جانے والی خباثت اور ذلت پر مبنی اس دہشت گردانہ کارروائی کی بنا پر غم و غصے میں مبتلا ہیں اور ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید آیا ہے کہ ماسکو دہشت گردی کے شکار تمام ممالک سے اپیل کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پرعالمی دہشت گردی کے خلاف متحد ہو جائیں تاکہ دہشت گردوں کو جلد از جلد شکست دی جائے اور مشرق وسطی کےعلاقے میں استحکام و امن کو واپس لایا جا سکے۔