Nov ۱۸, ۲۰۱۵ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو
    ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کو سفارت کاری کی کامیابی کا گواہ قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یوکیا امانو نے منگل کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سترہویں عام اجلاس میں اس ایجنسی کی سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقررہ مدت پندرہ دسمبر تک ایران کی جانب سے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے مراحل سے متعلق جائزوں کے نتائج بورڈ آف گورنرز کو پیش کر دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی سمجھوتہ ہونے کے بعد مشترکہ جامع ایکشن پلان کے تناظر میں ایران کے وعدوں پر عمل درآمد کی نگرانی اور شفافیت جانچنے کا کام آئی اے ای اے کے حوالے کیا اور انھوں نے بھی ایران کے ایٹمی پروگرام کے پہلوؤں کے بار ے میں شفاف سازی کے لیے ایک خاص عمل ترتیب دیا اور اس کے تمام مراحل مقررہ مدت یعنی پندرہ دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ اس ایجنسی کے حکام اس وقت اپنے پاس موجود اطلاعات کا جائزہ لینے کے آخری مراحل میں ہیں اور وہ اس سال پندرہ دسمبر تک ان جائزوں کے نتائج بورڈ آف گورنرز کو پیش کر دیں گے تا کہ وہ اس بارے میں فیصلہ کرسکے۔

یوکیا امانو نے مزید کہا کہ اگرچہ ابھی تک کافی کام باقی ہیں لیکن ایران کے ایٹمی مسئلے کے سلسلے میں کافی اہم پیشرفت ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے بارے میں حاصل ہونے والے نتائج ایرانی حکام، ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی، گروپ پانچ جمع ایک کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہیں۔

ٹیگس