مزید لڑاکا اور بمبار طیارے شام میں تعینات کرنے کا روس کا اعلان
روس نے مزید لڑاکا اور بمبار طیارے شام میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے
روسی فوج کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل والری گراسی موف نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شدت پیدا کرنے کے لیے مزید سینتن جیٹ اور بمبار طیاروں کا ایک گروپ شام کے لیے روانہ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روسی فضائیہ نے دہشت گردوں کے خلاف حملے تیز کرنے کی پوری منصوبہ بندی کرلی ہے۔
روسی صدر ولادی میر پوتن نے منگل کے روز شام میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی حملوں میں اضافے کا حکم دیا تھا۔
روسی وزرات دفاع کے مطابق صدر پوتین کے حکم کے بعد تیار کیے جانے والے منصوبے کے تحت ، شام میں سینتیس لڑاکا طیاروں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ ان طیاروں میں لڑاکا طیاروں کے علاوہ توپولوف بمبار طیارے اور ائیر ٹینک کہلائے جانے والے سوخو ئی تھرٹی فور طیارے بھی شامل ہیں جو آٹھ ٹن دھماکہ خیز مواد اور میزائیل لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
روس نے شام کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت تیس ستمبر سے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے شروع کیے ہیں جس کے دوران اب تک پانچ ہزار اہداف کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔