روس کے بغیر بحران شام حل نہیں ہو سکتا، یورپی یونین
یورپی یونین نے کہا ہے کہ روس کی شراکت کے بغیر، بحران شام کو حل نہیں کیا جا سکتا۔
فرانسیسی جریدے نوویل آبزرور کو انٹرویو دیتے ہوئے یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ بحران شام کے حل میں روس کے بنیادی کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے بحران شام کو جلد از جلد حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں یورپی یونین اور روس کے درمیان تعاون سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ صدر بشار اسد کے کردار کے بارے میں یورپی یونین اور روس کے درمیان اختلاف رائے پایا جاتا ہے تاہم دونوں فریق، داعش مخالف اتحاد کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا چاہتے ہیں۔
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے یہ بات زور دیکر کہی کہ شام کے ہمسایہ ممالک بھی بحران کے حل میں مدد دے سکتے ہیں۔ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ بحران شام سے متاثر ہونے والے عام شہریوں کی امداد اور امن کی بحالی کا معاملہ، انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔